فہد مصطفیٰ کا اپنے بیانات سے شروع ہونے والے تنازعات پر دلچسپ ردعمل
03-23-2026
(ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف میزبان و اداکار فہد مصطفیٰ نے اپنے بیانات کی وجہ سے شروع ہونے والے تنازعات پر دلچسپ ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
فہد مصطفیٰ نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر بھی دلچسپ گفتگو کی۔ اُنہوں نے اپنے بیانات پر ہونے والی کنٹرو ورسیز پر ہنستے ہوئے کہا کہ ہم جہاں کھڑے ہو جاتے ہیں کنٹرو ورسی وہیں سے شروع ہو جاتی ہے اور ابھی میری اس بات پر ایک نئی کنٹرو ورسی بنے گی۔ اداکار نے کہا کہ میرا یہ خیال ہے کہ تنقید بھی اُنہی لوگوں پر ہوتی ہے جو قوم کے لیے تھوڑے سے اہم ہوتے ہیں، تو یہ اللّٰہ کی مہربانی ہے کہ ہم اس ملک کے لیے اہم ہیں، ہمارے بارے میں لوگ بات کرنا چاہتے ہیں اور ہم نے شوبز میں قدم بھی اسی لیے رکھا تھا کہ لوگ ہمیں پہچانیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یوں سمجھ لیں کہ یہ کنٹرو ورسیز اس شہرت کی قیمت ہیں جو کہ ہمیں برداشت کرنی ہے اور چند لوگوں کے تنقید کرنے سے کچھ نہیں ہوتا۔ فہد مصطفیٰ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور ہمارے ملک سے باہر اتنے سارے لوگ ہیں جو ہم سے بہت محبت کرتے ہیں اور وہ ہم سے یہ توقع رکھتے ہیں کہ ہم شائستگی کو برقرار رکھیں اور ان لوگوں کے بارے میں زیادہ سوچیں جو ہم سے محبت کرتے ہیں نہ کہ ان 4 یا 5 لوگوں کے جو ہم سے پریشان ہیں، اللّٰہ ان پریشان لوگوں کو بھی خوش رکھے۔