لیسکو میں تیسرے روز بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، شہری پریشان

03-23-2026

(لاہور نیوز) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے زیر انتظام علاقوں میں مسلسل تیسرے روز بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس نے عیدالفطر کی خوشیوں کو متاثر کر دیا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی بار بار بندش سے عید کا مزہ کرکرا ہو گیا ہے، جبکہ حکام کی جانب سے لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے دعوے بھی درست ثابت نہیں ہو سکے، ذرائع کے مطابق دن کے اوقات میں وقفے وقفے سے دو سے تین گھنٹے کی بجلی بندش آج بھی جاری رہی۔ دوسری جانب لیسکو حکام کا مؤقف ہے کہ بجلی کی طلب میں واضح کمی کے باعث فریکوئنسی کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں، حکام کے مطابق جب طلب ایک مخصوص حد سے نیچے آ جاتی ہے تو سسٹم کو مستحکم رکھنا مشکل ہو جاتا ہے، جس کے باعث عارضی بندش کا سہارا لینا پڑتا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری طور پر ختم کیا جائے تاکہ عید کی باقی خوشیوں سے بھرپور لطف اٹھایا جا سکے۔