چیئرمین پی سی بی کا پی ایس ایل 11 سے دستبردار کھلاڑیوں کیخلاف کارروائی کا اعلان
03-22-2026
(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ 11 سے دستبردار ہونے والے کھلاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ کچھ کھلاڑی لیگ سے علیحدہ ہو کر دیگر لیگز، خصوصاً انڈین پریمیئر لیگ میں شامل ہوئے ہیں، جس پر بورڈ نے سخت نوٹس لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دو سے تین کھلاڑی لیگ چھوڑ کر گئے ہیں اور ہم اس معاملے پر قانونی کارروائی کر رہے ہیں۔ پی سی بی چیئرمین کے مطابق یہ مسلسل دوسرا سال ہے جب پی ایس ایل اور آئی پی ایل ایک ہی ونڈو میں کھیلے جا رہے ہیں، تاہم انہوں نے اس تصادم کو بڑا مسئلہ قرار دینے سے گریز کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کچھ کھلاڑی جا رہے ہیں تو دوسری جانب نئے اور باصلاحیت کھلاڑی بھی لیگ کا حصہ بن رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق سری لنکا کے آل راؤنڈر داسن شناکا اور زمبابوے کے فاسٹ بولر بلیسنگ مزاربانی ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے پی ایس ایل 11 چھوڑ کر آئی پی ایل جوائن کیا۔