ٹاؤن شپ : آوارہ کتے نے 8 سالہ کمسن بچی کی جان لے لی، وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس

03-22-2026

(لاہور نیوز) لاہور میں عید کے دوسرے روز آوارہ کتے کے حملے سے 8 سالہ معصوم بچی جان کی بازی ہار گئی۔

لاہور کے علاقے ٹاون شپ میں عید کی خوشیاں اس وقت غم میں بدل گئیں جب ایک آوارہ کتے  نے گلی میں کھیلتی 8 سالہ کمسن مہر نامی بچی پر اچانک حملہ کر دیا، کتے کے حملے میں بچی شدید زخمی ہو گئی، جسے فوری طور پر جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ ہمیں کہا جا رہا ہے کہ میڈیا سے بات نہ کریں، بتایا جاتا ہے کہ عدالت کے احکامات ہیں کہ کتوں کو نہیں مارا جا سکتا لیکن ہم پوچھتے ہیں کہ کیا انسانی جان کی کوئی اہمیت نہیں؟ علاقہ مکینوں  نے مزید کہا کہ ٹاؤن شپ اور گردونواح میں آوارہ کتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اپیل ہے کہ اس واقعے کا نوٹس لیں اور ایسے آوارہ کتوں کے مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے تاکہ آئندہ کسی اور گھر کا چراغ نہ گل ہو سکے۔