موجودہ حالات میں امتِ مسلمہ کو اتحاد، اتفاق کی اشد ضرورت ہے، محسن نقوی
03-21-2026
(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قوم کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید کا پرنور دن ہمیں ماہِ رمضان کی ان عظیم اقدار کی یاد دلاتا ہے جو صبر، تقویٰ اور قربانی کی صورت میں ہمیں عطا ہوئی ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عید خوشی کا موقع ہونے کے ساتھ ساتھ ضرورت مندوں کو یاد رکھنے اور ان کی مدد کرنے کا پیغام بھی دیتی ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ حقیقی خوشی اسی میں ہے کہ ہم اپنی مسکراہٹوں سے دوسروں کے چہروں کو روشن کریں اور معاشرے میں محبت اور ہم آہنگی کو فروغ دیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے اس موقع پر شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، جنہوں نے اپنے آج کو ملک کے پرامن کل کیلئے قربان کیا، انہوں نے شہداء کے اہل خانہ کے صبر اور حوصلے کو بھی سراہا۔ انہوں نے سرحدوں پر تعینات سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو اپنے پیاروں سے دور رہ کر وطن کے دفاع کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ موجودہ حالات میں امتِ مسلمہ کو اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کی اشد ضرورت ہے، انہوں نے اپیل کی کہ عید کے موقع پر اپنی دعاؤں میں ان مسلمانوں کو ضرور یاد رکھا جائے جو دنیا کے مختلف حصوں میں مشکلات اور آزمائشوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مظلوموں کی مدد فرمائے اور امت مسلمہ کو اتحاد و استقامت عطا کرے، جبکہ تمام مسلمانوں کی عبادات، روزوں اور دعاؤں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔