ملک بھر میں عیدالفطر کے اجتماعات، ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں
03-21-2026
(لاہور نیوز) ملک بھر میں عیدالفطر آج مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے، نماز عید کی ادائیگی کیلئے ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے۔
عیدالفطر کے موقع پر شہری نئے کپڑے پہن کر، خوشبو لگا کر اور سنت کے مطابق میٹھی اشیاء کھا کر نماز کے لئے گئے، نماز کے بعد ایک دوسرے کو گلے لگا کر عید کی مبارکباد دی، آج گھروں میں خصوصی پکوان تیار کئے جا رہے ہیں جبکہ بچے عیدی حاصل کرنے کیلئے بے حد پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔ عید الفطر کے موقع پر داتا دربار میں نمازِ عید کا بڑا اجتماع منعقد ہوا جس میں ہزاروں شہریوں نے شرکت کی، ڈاکٹر مفتی رمضان سیالوی نے نماز کی امامت کروائی اور خطبۂ عید میں نمازِ عید کے فضائل بیان کئے جبکہ ملک کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں، بعد ازاں شہریوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔ ادھر جمعیت اہلحدیث پاکستان کے زیر اہتمام یو ای ٹی سوسائٹی کے توحید پارک میں بھی عید الفطر کا بڑا اجتماع منعقد ہوا جہاں سخت موسم کے باوجود تقریباً 8 ہزار افراد شریک ہوئے، علامہ ہشام الہی ظہیر نے نماز عید کی امامت اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید الفطر خوشی، شکرگزاری اور روحانی تجدید کا پیغام دیتی ہے اور رمضان کی تربیت کو مستقل زندگی کا حصہ بنانا چاہئے، انہوں نے امتِ مسلمہ کو درپیش مسائل، فلسطین اور کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اتحادِ امت، خود احتسابی اور فرقہ واریت کے خاتمے پر زور دیا۔ دوسری جانب عید الفطر کے موقع پر شہر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کئے گئے، ایس پی ڈولفن لیفٹیننٹ (ر)اظہر جاوید نے ڈولفن فورس اور پی آر یو کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عید کے اجتماعات، مساجد، پارکس اور عوامی مقامات پر فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔ نمازِ عید کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد قبرستانوں کا رخ بھی کرتی رہی جہاں اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی، قرآن خوانی اور پھول چڑھائے گئے، شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ مرحومین کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کیلئے ہر سال عید کے موقع پر قبروں پر حاضری دیتے ہیں۔