عیدالفطر کے موقع پر فضائی سفر مہنگا، اندرون ملک رجحان کم ہوگیا

03-20-2026

(ویب ڈیسک)عیدالفطر کے موقع پر اندرون و بیرون ملک ہوائی سفر میں نمایاں تبدیلیاں سامنے آئی ہیں، جیٹ فیول کی قیمت میں اضافے کے باعث ٹکٹوں کی قیمتوں میں 10 سے 20 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مہنگے کرایوں کے باعث شہریوں کے اندرون ملک فضائی سفر کے رجحان میں کمی آئی ہے جبکہ پروازوں میں مسافروں کی تعداد میں تقریباً 40 فیصد تک کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ دوسری جانب بیرون ملک سے پاکستان واپسی کا رجحان بڑھ گیا ہے، خاص طور پر سعودی عرب میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے موجود اور دیگر خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانی عید کے لیے وطن واپس آ رہے ہیں۔     ملکی ایئرلائنز نے مشرق وسطی کے لیے پروازوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا ہے تاکہ خلیجی ممالک میں موجود پاکستانیوں کی عید پر واپسی کو ممکن بنایا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق نجی ایئرلائنز نے بھی عید کے دنوں میں مشرق وسطیٰ کے لیے ایک درجن سے زائد اضافی پروازیں شامل کر دی ہیں، جس سے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔