فیفا ویمن سیریز کیلئے پاکستان ویمن ٹیم کا عبوری اسکواڈ فائنل
03-20-2026
(ویب ڈیسک)فیفا ویمن سیریز کے لیے پاکستان ویمن ٹیم کا عبوری اسکواڈ فائنل کرلیا گیا۔
پاکستان ویمن ٹیم کی مینجمنٹ نے آئندہ ماہ ہونیوالے ایونٹ کے لئے 23 پلیئر فائنل کیے ہیں، قومی ویمن ٹیم میں مقامی اور اوور سیز پلیئر شامل ہیں۔ اسکواڈ میں دو نئے نام، ملائکہ دادا بھائی اور زیبا اسحق، پہلی بار پاکستان ویمن ٹیم میں شامل کی گئی ہیں، ان دونوں کھلاڑیوں کی حتمی ٹیم میں شمولیت ان کے دستاویزات کلیئر ہونے سے مشروط ہے تاہم زیبا اسحق اس سے قبل مانچسٹر یونائیٹڈ انڈر 21 گرلز ٹیم کی نمائندگی کر چکی ہیں۔ پاکستان ویمن ٹیم کے گول کیپرز میں زایانا جیوراج ، نیشا اشرف اور آرزو ہزارا شامل ہیں، ڈیفنس میں اسرا خان، انایا احمد، انمول حرا، کائلہ صدیقی اور ماریہ خان کو منتخب کیا گیا ہے، نزالیہ صدیقی، کاریسا جیوراج، عالیہ صادق اور سوہا ہیرانی بھی ڈیفنس لائن کا حصہ ہیں۔ مڈ فیلڈرز رامن فرید، لیلی بنارس، ثنا مہدی، زہمینہ ملک اور ملائکہ دادا بھائی اسکواڈ کا حصہ ہیں جبکہ فارورڈز میں مریم محمود، اقصیٰ مشتاق، ایمن تاج، نادیہ خان، مریم زہری اور ازوا چوہدری شامل ہیں۔ فیفا ویمن سیریز آئندہ ماہ آئیوری کوسٹ میں کھیلی جائے گی، 9 سے 16 اپریل تک ہونے والے ایونٹ میں پاکستان ٹیم آئیوری کوسٹ، موریتانیہ اور ٹرکس و کیکوس جزائر سے مقابلہ کرے گی۔