شہباز شریف کے ملائیشین وزیراعظم اور آذری صدر کو فون، عید کی مبارکباد دی

03-20-2026

(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم سے ٹیلیفونک رابطے کیے اور عید کی مبارکباد دی۔

  وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم، حکومت اور عوام کو عیدالفطر کے موقع پر مبارکباد پیش کی، داتو سری انور ابراہیم نے بھی نہایت خلوص سے عید کی مبارک باد پیش کی۔ امتِ مسلمہ کے لیے امن و ہم آہنگی کی دعا کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے ایران اور خلیجی خطے میں جاری کشیدگی میں کمی لانے کی ضرورت پر زور دیا اور اس حوالے سے امن کے فروغ کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان اور ملائیشیا کے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف نے صدر علیوف اور آذربائیجان کے برادر عوام کو عید الفطر کی دلی مبارکباد پیش کی، آذربائیجان کے صدر نے پاکستانی عوام کے لیے ان جذبات کا گرمجوشی سے جواب دیا، دونوں رہنماؤں نے امت کی صفوں میں اتحاد کی دعا بھی کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے ایران اور خلیج میں جاری کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم نے آذربائیجان کے خلاف حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا اور مشکل کی اس گھڑی میں آذربائیجان کے برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے فوری طور پر کشیدگی کم کرنے پر زور دیا اور تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری پر زور دیا۔ پاکستان آذربائیجان تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے باہمی عزم کا اعادہ کیا۔