مریم نواز کا عید پر زائد کرایہ وصول کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

03-19-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے عید کے موقع پر مسافروں سے مقررہ سے زیادہ کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے زائدکرائے وصول کرنے پرسخت قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی اور تمام اضلاع میں مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات کا حکم دیا۔ مریم نواز نے ڈپٹی کمشنرز کو زائدکرایوں کی وصولی اور ٹکٹ بلیک روکنے کے لئے کڑی مانیٹرنگ کا حکم دیا اور تمام بس سٹینڈز پر کرایہ نامے نمایاں آویزاں کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے روزہ دار مسافروں کے افطار کا اہتمام کرنے کا حکم دیا اور بس سٹینڈز کی انتظار گاہوں پر بیٹھنے کے مناسب انتظام اور پنکھے کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں مریم نواز نے تمام بس سٹینڈز پر صفائی ستھرائی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے محکمہ ٹرانسپورٹ اوردیگر متعلقہ حکام کو فیلڈ میں مسلسل چیکنگ کا حکم دیا۔ مریم نواز  نے بازاروں اور مارکیٹوں میں سماج دشمن عناصر کی آمدورفت کی کڑی مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عید کے موقع پر گھر کو لوٹنے والے غریب مسافروں کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی، ہر بس سٹینڈز پر کرائے نامے نمایاں آویزاں کرکے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے۔