وزیر بحری امور کا غیر ملکی ٹرانس شپمنٹ جہازوں کیلئے بڑے مراعاتی پیکج کا اعلان

03-19-2026

(لاہورنیوز) وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے غیر ملکی ٹرانس شپمنٹ جہازوں کے لیے بڑے مراعاتی پیکج کا اعلان کردیا۔

  محمد جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت اجلاس میں کراچی پورٹ ٹرسٹ پر غیر ملکی ٹرانس شپمنٹ جہازوں کے لیے بڑے مالیاتی مراعاتی پیکج کا اعلان کیا گیا، نئی سکیم 18 مارچ 2026 سے نافذ العمل ہو گئی ہے۔ اجلاس میں وزیر نے بتایا کہ ڈرائی بلک ایکسپورٹ کارگو پر ڈیوٹی اور چارجز میں 60 فیصد تک کمی کی گئی ہے، جبکہ ٹرانس شپمنٹ کارگو کی کم از کم شرط 10 فیصد سے کم کر کے 7.5 فیصد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ بیس ڈسکاؤنٹ 5 فیصد سے بڑھا کر 20 فیصد کر دیا گیا ہے اور اضافی کارگو پر مزید 5 فیصد رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، زیادہ جہاز لانے والی شپنگ لائنز کے لیے خصوصی مراعات میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ وزیر بحری امور نے بتایا کہ 50 فیصد جی آر ٹی ٹرانس شپمنٹ کارگو پر 60 فیصد فلیٹ رعایت مقرر کی گئی ہے، جبکہ بڑے کنٹینر جہازوں کو ویٹ چارجز میں 50 فیصد تک چھوٹ دی گئی ہے، ماحول دوست فیول استعمال کرنے والے جہازوں کے لیے اضافی 5 فیصد رعایت بھی شامل کی گئی ہے۔ مزید برآں، محمد جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات کراچی پورٹس کو عالمی شپنگ کے لیے کم لاگت اور مؤثر گیٹ وے بنانے کے ہدف کے تحت کیے گئے ہیں، تاکہ ملکی اور غیر ملکی جہاز رانی میں آسانیاں پیدا کی جا سکیں اور ایکسپورٹ و ٹرانس شپمنٹ کے فروغ میں مدد ملے۔