پاکستان سپر لیگ 11 کیلئے بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں کو این او سی جاری
03-19-2026
(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کیلئے بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں کو این او سی جاری کر دیئے گئے۔
بنگال میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں کو نیوزی لینڈ کی سیریز کی وجہ سے جزوی این او سی جاری کئے گئے ، پی ایس ایل کی وجہ سے مستفیض الرحمان کو نیوزی لینڈ کے ساتھ ٹی 20 سیریز سے چھٹی مل گئی۔ نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش میں 17 ، 20 اور 23 اپریل کو ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنی ہے، ٹی 20 میچز کی سیریز 27 اپریل، 29 اپریل اور 2 مئی کو شیڈولڈ ہے، نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے بنگلہ دیش ٹیم کا کیمپ 27 مارچ سے شروع ہو گا۔ مستفیض الرحمان، پرویز حسین، شرف الاسلام، ناہید رانا، تنزید حسن اور ریشاد حسین کا پی ایس ایل میں معاہدہ ہے۔ بنگلہ دیش کے پی ایس ایل میں کنٹریکٹڈ کھلاڑی کیمپ میں شرکت نہیں کریں گے، بنگلہ دیش بورڈ نے تمام کھلاڑیوں کو جزوی این ا و سی جاری کئے ہیں، کھلاڑیوں کو ون ڈے سیریز کیلئے دستیاب رہنے کا کہا گیا ہے، ون ڈے سیریز ورلڈ کپ کوالیفکیشن کیلئے بڑی اہم ہے۔ بورڈ آفیشل کے مطابق فاسٹ باؤلر مستفیض الرحمان کو دو حصوں میں این او سی دیا گیا ہے، مستفیض الرحمان کو 26 مارچ سے 12 اپریل اور 24 اپریل سے 3 مئی تک این او سی دیا گیا ہے، انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے استثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ تنزید حسن، شرف الاسلام، ناہید رانا اور ریشاد حسین کو 12 اپریل تک این او سی جاری ہوئے ہیں، پرویز حسین کو 21 اپریل تک پی ایس ایل کیلئے این او سی جاری ہوا ہے۔