بارشوں کے بعد ڈینگی کیسز میں اضافے کا خدشہ، این آئی ایچ کی وارننگ
03-19-2026
(لاہور نیوز) نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) نے حالیہ بارشوں کے بعد ملک بھر میں ڈینگی کیسز بڑھنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے صوبائی حکومتوں کو فوری اقدامات کی ہدایت کر دی۔
ادارے کے مطابق نمی اور کھڑے پانی کے باعث مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہو رہا ہے، خاص طور پر شہری علاقوں میں، جبکہ گزشتہ برسوں میں بھی ڈینگی کیسز میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے۔ صحت حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ تشخیص کا نظام مؤثر بنایا جائے، مچھر مار مہم تیز کی جائے اور ہسپتالوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاری مکمل رکھی جائے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، جن میں مچھر بھگانے والی ادویات کا استعمال، مکمل لباس پہننا اور پانی جمع نہ ہونے دینا شامل ہے۔