پاکستان کا انٹرنیشنل ٹرانس شپمنٹ رولز میں مزید ترامیم کا فیصلہ
03-18-2026
(لاہور نیوز) پاکستان نے انٹرنیشنل ٹرانس شپمنٹ رولز میں مزید ترامیم کا فیصلہ کر لیا، فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے رولز میں ترمیم کیلئے مسودہ جاری کر دیا۔
دستاویز کے مطابق پاکستان کی بندرگارہوں کو انٹرنیشنل ٹرانس شپمنٹ ہب بنایا جائے گا، بین الاقوامی ٹرانس شپمنٹ سامان سٹور، ہینڈل، ٹرانسفر کرنے کی اجازت ہوگی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق غیر ملکی سامان ذخیرہ کرکے دوسرے ملکوں کو بھیجا جائے گا، قوانین کا اطلاق فضائی اور سمندری دونوں راستوں کیلئے شپمنٹ پر ہوگا۔ ایف بی آر کے مطابق بحری جہازوں، کنٹینرز کے ساتھ ہوائی جہاز اور ایئر شپمنٹ پر بھی اطلاق ہوگا، کارگو سامان کی 100 فیصد اسکیننگ اور فزیکل چیک کرنے کی اجازت ہوگی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سامان کی چوری، مس ڈکلیئریشن یا نقصان کی صورت میں جرمانہ وصول کیا جائے گا، خلاف ورزی پر شپنگ لائن یا ایئر لائن کمپنیاں ڈیوٹی ٹیکس ادا کرنے کی پابند ہوں گی۔ ایف بی آر کے مطابق چیف کلیکٹر کو خلاف ورزی پر سامان روکنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا، ایف بی آر مسودہ پر تجاویز و سفارشات آنے کے بعد حتمی ایس آر او جاری کرے گا۔