پنجاب: فالج کے مریضوں کے علاج کیلئے 42 نئے سٹروک سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ

03-18-2026

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے فالج (اسٹروک) کے مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے بڑا اقدام کرتے ہوئے صوبہ بھر میں 42 نئے اسٹروک سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

علی رامے:پنجاب حکومت نے فالج (اسٹروک) کے مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے بڑا اقدام کرتے ہوئے صوبہ بھر میں 42 نئے اسٹروک سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔  منصوبے کے پہلے مرحلے میں 24 جبکہ دوسرے مرحلے میں 18 نئے مراکز قائم کیے جائیں گے، جس سے صحت کے نظام میں نمایاں توسیع متوقع ہے۔ اس منصوبے کے تحت شیخ زید اسپتال رحیم یار خان میں پہلا مکینیکل تھرومبیکٹومی سینٹر قائم کیا جائے گا، جہاں فالج کے پیچیدہ مریضوں کا جدید طریقہ علاج ممکن ہوگا۔ ہر اسٹروک سینٹر میں جدید طبی سہولیات، خصوصی اسٹروک بے اور تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا جائے گا۔ مریضوں کو بروقت علاج کی فراہمی کیلئے ریسکیو 1122 کے ساتھ فوری ریفرل سسٹم بھی متعارف کرایا جائے گا، تاکہ ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو جلد از جلد قریبی سینٹر منتقل کیا جا سکے۔ منصوبے کیلئے 62 کروڑ 50 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ نیورولوجسٹ کی کمی کو پورا کرنے کیلئے لوکم فارمولا اپنانے کا فیصلہ کیا۔ حکام کے مطابق بڑے شہروں میں جدید اینجیوگرافی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور قریبی کیتھ لیبز کو بھی استعمال میں لایا جائے گا۔ اس کے علاوہ اسٹروک کے مریضوں کو مفت ادویات اور انجیکشنز کی فراہمی بھی اس منصوبے کا حصہ ہوگی۔ محکمہ صحت اس منصوبے میں مرکزی کردار ادا کرے گا، اسٹروک ایڈوائزری کمیٹی کو بھی اہم ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔