ٹک ٹاکرز کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالنے کی درخواستوں پر پیشرفت نہ ہوسکی
03-18-2026
(لاہورنیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں ٹک ٹاکر و یوٹیوبر رجب بٹ اور ندیم نانی والا کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالنے کی درخواستوں پر کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اعظم خان نے دونوں کی درخواستوں پر سماعت کی، درخواست گزار وکلا بیرسٹر راجہ قدیر جنجوعہ اور احد کھوکھر عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت سرکار کی جانب سے جواب جمع نہ کرایا جا سکا اور مہلت کی استدعا کی گئی۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سفری پابندی کی وجہ سے ویزے ختم ہو رہے ہیں، عدالت نے استفسار کیا کہ ویزے کب ختم ہو رہے ہیں؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ ایک کا مارچ میں ہی ختم ہو جائے گا اور دوسرے کا بعد میں ختم ہوگا۔ عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ ان کے ویزے ختم ہو رہے ہیں، جواب جمع کیوں نہیں کرایا، جس پر سرکاری وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ عید کے بعد کی تاریخ دے دیں، جواب جمع کرا دیں گے۔ جسٹس محمد اعظم خان نے ریمارکس دیئے کہ ویزے ختم ہونے کا مسئلہ ہے، عید کے فوری بعد سماعت کریں گے، عدالت نے سماعت 26 مارچ تک کیلئے ملتوی کر دی۔