پنجاب: غیر قانونی غیر ملکیوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز، 32 ہزار سے زائد ڈی پورٹ

03-18-2026

(لاہور نیوز) صوبہ پنجاب میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل مزید تیز کر دیا گیا ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اب تک لاہور سمیت صوبے بھر سے 32 ہزار 932 افراد کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے، جن میں بڑی تعداد افغان شہریوں کی شامل ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ڈی پورٹ کیے گئے افراد میں 12 ہزار 498 مرد، 6 ہزار 686 خواتین اور 13 ہزار 748 بچے شامل ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ ان افراد میں سے 10 ہزار 482 کے پاس رہائشی ثبوت، 11 ہزار 100 کے پاس افغان سٹیزن کارڈ جبکہ 11 ہزار 350 مکمل طور پر غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔ ترجمان کے مطابق اس وقت 401 غیر قانونی مقیم افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں جن کے انخلا کا عمل جاری ہے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام غیر قانونی مقیم افراد کے انخلا کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس بین الاقوامی قوانین کے تحت اس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔