جعلساز مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن تیز، مضر صحت اشیاء برآمد
03-18-2026
(لاہور نیوز) عید الفطر کے قریب آتے ہی مضر صحت اور جعلی اشیائے خورونوش تیار کرنے والے عناصر کے خلاف بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
اس کے دوران ہزاروں لٹر جعلی کولڈ ڈرنکس تلف کر دی گئیں اور متعدد افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران عید پر سپلائی کیلئے تیار کئے گئے 10 ہزار لٹر جعلی کولڈ ڈرنکس تلف کر دی گئیں، جبکہ ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، اس کے علاوہ 150 کلو چینی، 2 گیس سلنڈر، 3 کمپریسر، 10 کلو استعمال شدہ ڈھکن، 6 ڈرم اور بڑی تعداد میں خالی بوتلیں بھی ضبط کی گئیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے احکامات پر باٹاپور، احمد ٹاؤن، علی ٹاؤن اور رائیونڈ روڈ کے علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں، جہاں 5 پروڈکشن یونٹس پر چھاپے مارے گئے، ان میں سے ایک یونٹ کو بند کر دیا گیا جبکہ 3 یونٹس کو مجموعی طور پر 4 لاکھ 10 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے اور ایک کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ حکام کے مطابق رہائشی علاقوں میں خفیہ طور پر جعلی کولڈ ڈرنکس تیار کی جا رہی تھیں، کارروائی کے دوران ملازمین کو معروف برانڈز کی بوتلوں میں جعلی مشروبات بھر کر استعمال شدہ ڈھکن لگاتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، تیار شدہ جعلی بوتلوں کو شہر کے مختلف چھوٹے سٹورز پر سپلائی کیا جانا تھا۔ مزید تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ مشروبات بغیر منظور شدہ فارمولے کے، ممنوعہ رنگوں اور فلیورز کی ملاوٹ سے تیار کئے جا رہے تھے، جبکہ کاروبار بغیر لائسنس جاری تھا جو کہ قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ حکام نے بتایا کہ سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے پر ایک معروف بیکری یونٹ کو بھی بند کر دیا گیا، جبکہ دیگر یونٹس کو پیور فوڈ ریگولیشنز کی خلاف ورزی پر جرمانے کئے گئے، معائنہ کے دوران ضروری ریکارڈ، ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ خوراک میں جعلسازی کرنے والے عناصر ملک و قوم کے دشمن ہیں اور ان کے خلاف بلا تعطل کارروائیاں جاری رہیں گی، عید کے تینوں دن فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک رہیں گی۔