محکمہ موسمیات کی عید پر بارش برسنے کی پیشگوئی

03-18-2026

(لاہور نیوز) روزہ داروں کو عید پر قدرت کی طرف سے بھی عیدی ملنے کا امکان ہے، میٹھی عید صرف میٹھی نہیں بلکہ ٹھنڈی بھی ہو گی، محکمہ موسمیات نے بڑی خوشخبری سنا دی۔

رمضان المبارک تو کبھی گرم کبھی سرد اور کبھی معتدل موسم کی باریوں میں گزر گیا مگر اس بار عید پر گرمی کی ایک نہیں چلے گی، کہیں بارش تو کہیں بادل موسم کو خوشگوار بنائیں گے۔ ڈی جی محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سے ملتان تک عید پر برکھا چھم چھم برسے گی، عید پر لوگ انجوائے کریں گے، اسلام آباد، ملتان، پشاور، چترال، گلگت بلتستان، میں 3،4 دن تک بارش ہو گی اس کے بعد بھی درجہ حرارت زیادہ نہیں ہوں گے۔ علاوہ ازیں مارچ کا آخری ہفتہ بھی تقریباً بارشوں کا ہی ہے، شمالی علاقوں اور لاہور تک بارشوں کا امکان  ہے، 29، 30، 31 ان دنوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے کسانوں اور مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ فصلوں کی کٹائی اور سفر کا منصوبہ موسم کی صورتحال دیکھ کر بنائیں۔