رمضان میں پیشہ ور گداگروں کیخلاف کریک ڈاؤن، 110 گرفتار

03-18-2026

(لاہور نیوز) لاہور میں یکم رمضان المبارک سے جاری انسدادِ گداگری مہم کے دوران اب تک 110 پیشہ ور گداگروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

لاہور پولیس کے ترجمان کے مطابق گداگر مافیا کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں گداگری کے خاتمے کے لیے کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں، جبکہ گداگروں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی سخت اقدامات کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو پیشہ ور گداگروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی یقینی بنانے کی تاکید کی۔ سی سی پی او نے کمسن گداگروں کی بحالی کے لیے چائلڈ بیورو اور سوشل ویلفیئر کے اداروں کو فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت بھی دی ہے، تاکہ بچوں کو اس مافیا سے نکال کر بہتر مستقبل فراہم کیا جا سکے۔ مزید برآں، سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے اہم شاہراہوں اور چوراہوں پر پیشہ ور گداگروں کی نشاندہی کی جا رہی ہے، جبکہ ٹریفک پولیس کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سگنلز اور مرکزی سڑکوں پر گداگر مافیا کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تعاون سے اس مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ پیشہ ور گداگری کے خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔