عید پر زائد کرایہ وصولی ،مریم نواز کا سخت کارروائی کا حکم
03-18-2026
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید کے موقع پر مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ تمام اضلاع میں سرکاری مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا تاخیر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو زائد کرایوں کی وصولی اور ٹکٹ بلیکنگ روکنے کے لیے کڑی مانیٹرنگ کرنے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام بس سٹینڈز پر کرایہ نامے نمایاں طور پر آویزاں کیے جائیں تاکہ مسافروں کو درست معلومات میسر ہوں، ساتھ ہی روزہ دار مسافروں کے لیے افطار کا بندوبست کرنے، بس سٹینڈز پر صفائی برقرار رکھنے اور انتظار گاہوں میں بیٹھنے کی مناسب سہولت اور پنکھوں کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ ٹرانسپورٹ اور دیگر متعلقہ حکام کو فیلڈ میں مسلسل چیکنگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ عید کے موقع پر گھروں کو لوٹنے والے غریب مسافروں کے استحصال کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔