چاند رات اورعیدالفطر پر سخت سکیورٹی: صوبہ بھر میں ہزاروں اہلکار تعینات، لاہور ہائی الرٹ

03-18-2026

(لاہور نیوز) عید الفطر اور چاند رات کے موقع پر پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے اور اضافی نفری تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔

انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس کے مطابق چاند رات کے موقع پر صوبہ بھر میں مارکیٹوں اور اہم مقامات کی سکیورٹی کیلئے 17 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جبکہ لاہور میں 5 ہزار پولیس اہلکار فرائض انجام دیں گے۔ عیدالفطر کے موقع پر صوبے بھر میں 29 ہزار سے زائد عید اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے 47 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے، جبکہ لاہور میں 10 ہزار اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ حکام کے مطابق سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور دیگر سکیورٹی اداروں کے تعاون سے مشکوک عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے گی، جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مساجد، امام بارگاہوں، مارکیٹوں اور اہم مقامات کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔ مزید برآں ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کو موثر پٹرولنگ کی ہدایت دی گئی ہے۔ پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ چاند رات اور عید کے دوران ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی اور پتنگ بازی پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ خواتین اور فیملیز کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں اور عوام کو پرامن ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔