برائلر گوشت کے نرخ میں اضافہ، قیمت 533 روپے کلو مقرر

03-18-2026

(لاہور نیوز) پولٹری مصنوعات کے دام ایک بار پھر اتار چڑھاؤ کا شکار ہو گئے ہیں، جس کے باعث شہریوں کو مہنگائی کا سامنا ہے۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق برائلر مرغی اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، برائلر کے نرخ میں تقریباً 7 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد برائلر گوشت کی سرکاری قیمت 533 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے، تاہم مارکیٹ میں صافی گوشت 650 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جس سے صارفین کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ زندہ برائلر کی قیمتوں میں بھی 5 روپے فی کلو اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، فارم گیٹ پر زندہ برائلر کا ریٹ 340 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں یہ 353 روپے فی کلو تک پہنچ چکا ہے، پرچون سطح پر زندہ برائلر 369 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ رمضان المبارک کے دوران برائلر کی قیمت میں مجموعی طور پر 87 روپے فی کلو تک اضافہ ہو چکا ہے، جو کہ عوام کیلئے تشویش کا باعث ہے۔ دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں بھی 1 روپے فی درجن اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد انڈوں کی نئی قیمت 205 روپے فی درجن مقرر کی گئی ہے، ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی ایک پیٹی 6 ہزار 30 روپے میں فروخت ہو رہی ہے، گزشتہ تین دنوں کے دوران انڈوں کی قیمت میں مجموعی طور پر 5 روپے فی درجن اضافہ ہو چکا ہے۔