حکومتِ پنجاب نے وی وی آئی پیز سکیورٹی کیلئے نئی لگژری گاڑیاں خریدنے کی منظوری دیدی
03-17-2026
(لاہور نیوز) حکومتِ پنجاب نے وی آئی پیز اور وی وی آئی پیز کے لیے نئی لگژری گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دے دی ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق اس منصوبے پر مجموعی طور پر 52 کروڑ 35 لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے 32 نئی لگژری گاڑیاں خریدی جائیں گی، جبکہ وی وی آئی پیز کی سکیورٹی اور پروٹوکول کے لیے 12 ڈبل کیبن (ڈالے) بھی لیے جائیں گے۔ منصوبے میں گاڑیوں کو جدید سکیورٹی سہولیات سے آراستہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جن میں نائٹ وژن، تھرمل کیمرے اور دیگر جدید حفاظتی آلات شامل ہیں۔ دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ گاڑیوں کی سکیورٹی اپ گریڈ کے لیے علیحدہ بجٹ بھی مختص کیا گیا ہے تاکہ اہم شخصیات کو بہتر تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ دوسری جانب محکمہ خزانہ پنجاب نے اس منصوبے پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے اخراجات پر سوالات بھی کیے ہیں، تاہم اس کے باوجود خریداری کی منظوری دے دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں معاشی دباؤ کے باعث سرکاری اخراجات پر بحث جاری ہے۔