پنجاب میں زرعی انقلاب، مریم نواز شریف کے اقدامات سے کاشتکار خوشحال

03-17-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے میں زرعی شعبے کی بہتری کے لیے متعدد انقلابی اقدامات جاری ہیں، جن کے مثبت اثرات سامنے آنے لگے ہیں۔

 حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے سی ایم ایگری کلچر انٹرن پروگرام کے تحت پہلی بار زرعی گریجویٹس کو عملی میدان میں کام کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق تقریباً 2 ہزار ایگری گریجویٹ انٹرنز اس وقت کھیتوں میں موجود ہیں اور کاشتکاروں کو جدید زرعی طریقوں سے آگاہی فراہم کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں گندم سمیت مختلف فصلوں کی پیداوار میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ پروگرام کے تحت کئی انٹرنز کو نجی شعبے میں ملازمتیں بھی حاصل ہو چکی ہیں۔ دوسری جانب کسانوں کی سہولت کے لیے صوبے کے چار بڑے شہروں میں ماڈل ایگری کلچر مالز قائم کیے گئے ہیں جہاں بیج، کھاد، زرعی ادویات اور مشینری ایک ہی چھت تلے دستیاب ہے، جبکہ مزید 10 ایگری مالز کی تعمیر جاری ہے۔ آبپاشی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے لیزر لینڈ لیولنگ اور بلڈوزر فراہم کیے جا رہے ہیں، جس سے زمین کی ہمواری اور پانی کے مؤثر استعمال میں مدد مل رہی ہے۔ اس کے علاوہ پختہ کھالوں کی تعمیر سے پانی کے ضیاع میں نمایاں کمی آئی ہے۔ زرعی ماہرین کے مطابق ان اقدامات سے نا صرف کاشتکاروں کی لاگت کم ہو رہی ہے بلکہ پیداوار میں اضافے سے ان کی آمدنی میں بھی بہتری آ رہی ہے۔