عید الفطر: شہر کے پارکوں میں خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی

03-16-2026

(لاہور نیوز) عید الفطر کے دنوں میں شہر کے پارکوں میں شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

ایم ڈی پی ایچ اے راجہ منصور احمد کے مطابق شہریوں کو محفوظ اور خوشگوار تفریحی ماحول فراہم کیا جائے گا جبکہ اے کیٹگری پارکوں میں سکیورٹی اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ ڈائریکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ پارکوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے مکمل طور پر فعال ہونے چاہئیں تاکہ سکیورٹی انتظامات مؤثر بنائے جا سکیں۔ ایم ڈی پی ایچ اے کے مطابق عید الفطر کے ایام میں افسران اور عملہ ڈیوٹی پر موجود ہو گا جبکہ پی ایچ اے کے افسران و ملازمین ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون یقینی بنائیں گے۔ گریٹر اقبال پارک، گلشن اقبال پارک، باغ جناح، جلانی پارک اور جلو بوٹینیکل گارڈن میں خصوصی نگرانی اور سکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔