احتساب عدالت: نواز شریف، مریم نواز کی نیب انکوائری بند کرنے کی درخواست منظور
03-16-2026
(لاہور نیوز) احتساب عدالت لاہور نے وزیر اعلیٰ مریم نواز اور میاں محمد نواز شریف کیخلاف چودھری شوگر ملز انکوائری بند کرنے کی نیب کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔
احتساب عدالت نے نیب انکوائری بند کرنے کی درخواست منظور کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے کہا کہ نیب لاہور نے قانون کے مطابق چودھری شوگر ملز انکوائری بند کی، مریم نواز اپنی 7 کروڑ ضمانت کی رقم واپس لے سکتی ہیں۔ احتساب عدالت کے جج رانا محمد عارف نے نیب کی درخواست پر سماعت کی، نیب لاہور کے مطابق مریم نواز اور میاں محمد نواز شریف کیخلاف کرپشن شواہد نہیں ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر انتخاب عالم جوئیہ کے درخواست کے حق میں دلائل مکمل ہو گئے، وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے جاوید ارشد بھٹی ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے۔ نیب پراسیکیوٹر کے مطابق مریم نواز اور نوازشریف کیخلاف چودھری شوگر ملز تفتیش بند ہوچکی، نیب پراسیکیوٹر نے انکوائری بند کرنے کی منظوری کی استدعا کی۔ نیب قانون میں ترمیم کے بعد نیب کا دائرہ اختیار ختم ہونے پر انکوائری بند کی گئی، چودھری رمضان شوگر ملز مالکان مریم نواز اور نواز شریف کے اثاثوں کی انکوائری تھی، کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ملا، انکوائری جاری نہیں رکھی جا سکتی۔ مریم نواز نے 7 کروڑ زر ضمانت کی واپسی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، عدالت عالیہ نے 4 فروری کو انکوائری بند کرنے کی احتساب عدالت سے منظوری لینے کا حکم دیا تھا۔ نیب کے مطابق احتساب عدالت کی منظوری کے بعد مریم نواز کی ضمانت کی رقم واپس مل جائے گی، نیب نے لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق احتساب عدالت سے رجوع کیا۔