وزیر اعظم کی ہدایت پر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سکیم کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ
03-16-2026
(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سکیم کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کر لیا۔
روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اب غیر ملکی شہریوں اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کیلئے بھی کھل سکے گا، غیر ملکی کمپنیوں کو حکومتی سیکیورٹیز اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری کی اجازت دی گئی ہے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نےعالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں اب تک 9 لاکھ سے زائد اکاؤنٹس کھل گئے۔ وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ آر ڈی اے کے ذریعے پاکستان میں 12 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ آچکا ہے، مالی سال 2025 میں ترسیلات زر 38.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، رواں مالی سال ترسیلات زر 42 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔ دوسری جانب سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ ذخائر تقریباً 16.3 ارب ڈالر ہیں، پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 21.6 ارب ڈالر کے قریب ہیں،روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا آغاز اسٹیٹ بینک نے 10 ستمبر 2020 کو کیا تھا۔ علاوہ ازیں حکومت کا مقصد عالمی مالیاتی منڈیوں کے ساتھ پاکستان کا مضبوط رابطہ بڑھانا ہے۔