سرفراز احمد کے ریٹائرمنٹ کا اعلان پر پاکستانی کھلاڑیوں کا خراجِ تحسین

03-16-2026

(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اور موجودہ کھلاڑیوں نے چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فاتح کپتان سرفراز احمد کو ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد خراج تحسین پیش کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سرفراز احمد کی ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد جاری اپنے پیغام میں سٹار بیٹر بابر اعظم نے کہا کہ سيفی بھائی، آپ کی قیادت میں کھیلنا واقعی ایک اعزاز تھا۔ بابر اعظم نے مزید کہا کہ آپ کی رہنمائی اور یقین کے ساتھ ساتھ پاکستان کرکٹ کو دیے گئے آپ کے یادگار لمحات کا شکریہ۔ آپ کی نئی زندگی کے اس مرحلے کے لیے کامیابی اور سکون کی دعا کرتا ہوں۔ فخر زمان نے نے ایکس پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ایک عظیم انسان اور لیڈر کو ریٹائرمینٹ مبارک، بہترین کیریئر پر آپ کو مبارک ہو، آپ کی خدمات کے لیے دل سے شکریہ۔ شان مسعود نے سرفراز احمد کو شاندر کیریئر سے ریٹائرمینٹ پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا آپ کرکٹ کے لیے رول ماڈل ہیں، انہوں نے کھلاڑیوں پر اعتماد، جدوجہد اور یادگار لمحات پرسابق کپتان کا شکریہ ادا کیا۔ اسی طرح سابق فاسٹ بالر اور چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس میں سرفراز احمد کو کامیاب کیریئر پر مبارک باد دیتے ہوئے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ سابق کپتان اظہر علی نے لکھا آپ کے ساتھ کھیلنا ہمییشہ یاد رہے گا، پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے آپ کا جذبہ، قیادت اور عزم ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ علاوہ ازیں دیگر کھلاڑیوں نے بھی سابق کپتان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کامیاب کیریئر پر مبارک باد پیش کی۔ واضح رہے سرفراز احمد نے گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔