رمضان سہولت بازاروں میں معیاری اشیاء مناسب قیمتوں پر دستیاب ہیں، کمشنر لاہور
03-16-2026
(لاہور نیوز) کمشنر لاہور مریم خان نے کہا ہے کہ رمضان سہولت بازاروں میں معیاری اشیاء مناسب قیمتوں پر دستیاب ہیں۔
لاہور میں رمضان سہولت بازاروں کی نگرانی کے سلسلے میں کمشنر لاہور مریم خان اور ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز نے وحدت کالونی میں قائم رمضان سہولت بازار کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران آٹا، دالیں، گھی، گوشت اور چینی کی دستیابی اور فراہمی کو خصوصی طور پر چیک کیا گیا، اس کے ساتھ ساتھ پھلوں اور سبزیوں کی فراہمی اور معیار کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر لاہور نے اس موقع پر کہا کہ سہولت بازاروں میں پھل، سبزیاں، گوشت سمیت تمام اشیائے ضروریہ کا معیار بہترین ہے اور شہریوں کو مناسب قیمتوں پر اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں۔ کمشنر لاہور نے بازار میں موجود شہریوں سے اشیاء کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے فیڈ بیک بھی لیا، اس کے علاوہ صفائی، پارکنگ، سکیورٹی اور دیگر سہولیات کا بھی معائنہ کیا گیا جبکہ سہولت بازار میں قائم مختلف فعال سہولت کاؤنٹرز کو بھی چیک کیا گیا۔ کمشنر لاہور مریم خان کا کہنا تھا کہ رمضان سہولت بازاروں کے ساتھ ساتھ اوپن مارکیٹ پر بھی سخت نگرانی رکھی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو معیاری اشیاء مناسب قیمتوں پر دستیاب رہیں۔