مالی فراڈ کیس، ملزم پولیس افسر اظہر نوید خان کا جسمانی ریمانڈ منظور

03-16-2026

(لاہور نیوز) کینٹ کچہری میں تین کروڑ روپے سے زائد فراڈ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

ملزم پولیس افسر اظہر نوید خان کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا، عدالت کی جانب سے ایک صفحے پر مشتمل تحریری فیصلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے، فیصلے کے مطابق ملزم کو ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا گیا، عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم کے خلاف مقدمہ تھانہ ڈیفنس بی میں درج ہے۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شہری حسام خان کی مدعیت میں ملزم کے خلاف تین کروڑ چالیس لاکھ روپے فراڈ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے، تفتیشی افسر کی جانب سے عدالت سے ملزم کا دس روزہ جسمانی ریمانڈ طلب کیا گیا تھا تاکہ اس سے مزید تفتیش کی جا سکے اور مبینہ خرد برد کی گئی رقم برآمد کی جا سکے۔ دوران سماعت یہ انکشاف بھی سامنے آیا کہ ملزم پولیس ڈی ایس پی کو تھانے میں پروٹوکول بھی دیا جا رہا تھا، عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ ملزم سے تفتیش مکمل کر کے اسے 18 مارچ کو دوبارہ پیش کیا جائے۔