شہر کے مختلف علاقوں میں علی الصبح بارش سے موسم خوشگوار

03-16-2026

(لاہور نیوز) شہر میں علی الصبح مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

بارش کے بعد فضا میں خنکی اور ٹھنڈک کا احساس مزید بڑھ گیا، مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے جبکہ افق پر سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے باعث درجہ حرارت میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور موجودہ درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں مزید بارش کا امکان بھی موجود ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 13 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 84 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ آنے والے ہفتے میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جس سے موسم مزید خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔