ڈیفنس اے میں 19 کروڑ روپے کی ڈکیتی، پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک
03-16-2026
(لاہور نیوز) ڈیفنس اے میں 19 کروڑ روپے کی ڈکیتی کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
دورانِ پٹرولنگ سیف سٹی کی اطلاع پر پولیس نے مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی، پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے تین ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق پولیس نے ڈکیتی کے بعد شہر بھر میں ناکہ بندی کر رکھی تھی اور مشتبہ گاڑی کی اطلاع ملنے پر اسے روکنے کی کوشش کی گئی، فائرنگ کے تبادلے کے بعد ڈکیتی میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی پولیس نے تحویل میں لے لی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی گرفتاری کیلئے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔