طلاق کے اعلان کے بعد رجب بٹ اور ایمان فاطمہ میں صلح کی کوششیں شروع

03-15-2026

(ویب ڈیسک)رجب بٹ اور ایمان فاطمہ کے درمیان پیدا ہونے والے ازدواجی تنازع کے بعد معروف شیعہ عالم علامہ آصف رضا علوی نے ان کی شادی بچانے کے لیے کردار ادا کرنے کا اعلان کردیا۔

سوشل میڈیا پر گزشتہ کچھ دنوں سے یوٹیوبر رجب بٹ اور ان کی اہلیہ ایمان فاطمہ کے درمیان علیحدگی کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ دونوں کے درمیان اختلافات کافی عرصے سے زیرِ بحث تھے جبکہ اب ان کے ہاں بیٹا کیوان سلطان بھی ہے, صورتحال اس وقت مزید خراب ہو گئی جب رجب بٹ کی جانب سے ایمان فاطمہ کو طلاق کے کاغذات بھیجے جانے کی خبر سامنے آئی۔ رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ رجب بٹ کے بعض دوست ایمان فاطمہ کے خلاف کھل کر بات کر رہے ہیں جس پر صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔     رجب بٹ کا شیعہ عالم علامہ آصف رضا علوی کے ساتھ قریبی تعلق بتایا جاتا ہے۔ علامہ آصف رضا علوی سوشل میڈیا پر شیعہ مسلک سے متعلق معلومات اور بیانات شیئر کرتے رہتے ہیں اور انہیں ماضی میں رجب بٹ اور ان کے دوستوں کے ساتھ بھی دیکھا گیا ہے۔   علامہ آصف رضا علوی نے اپنے سوشل میڈیا پیغامات میں کہا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ رجب بٹ اور ایمان فاطمہ کی شادی ٹوٹے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ دونوں کے درمیان صلح کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے اور جلد اس حوالے سے اچھی خبر سامنے آ سکتی ہے۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر ایک اکاؤنٹ کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ علامہ آصف رضا علوی کی مداخلت کے بعد طلاق کی کارروائی روک دی گئی ہے۔ مزید یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ رجب بٹ اور عون شیخ کے درمیان بھی اختلافات ختم ہو گئے ہیں اور جلد خاندان کی جانب سے صلح کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ جوڑے کا بیٹا کیوان سلطان اس بار عید اپنے والد کے ساتھ منائے گا تاہم اس حوالے سے تاحال باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔