ایل پی جی مارکیٹرزایسوسی ایشن کا وزیرِ پیٹرولیم کو خط، قیمتوں پر نظرِ ثانی کا مطالبہ
03-15-2026
(ویب ڈیسک) ایل پی جی مارکیٹرز ایسوسی ایشن نے وزیرِ پیٹرولیم کو خط لکھ کراوگرا کی کارروائیوں پر تحفظات کااظہارکردیا۔
ایل پی جی مارکیٹرزایسوسی ایشن نے وزیرِ پیٹرولیم کو خط لکھ کر اوگرا کی حالیہ کارروائیوں پر شدید تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے ایل پی جی کی قیمتوں پر فوری نظرِثانی کا مطالبہ کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق موجودہ سرکاری قیمتیں درآمدی لاگت سے کم ہیں، جس کے باعث درآمد کنندگان نے مزید ایل پی جی منگوانا کم کر دیا ہے، اگر صورتحال برقرار رہی تو ملک میں ایل پی جی کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان میں ایل پی جی کی مقامی پیداوار صرف 30 فیصد ہے جبکہ ملک میں استعمال ہونے والی تقریباً 70 فیصد ایل پی جی درآمد کی جاتی ہے، اس لیے قیمتوں کا تعین موجودہ مارکیٹ صورتحال کے مطابق کیا جانا ضروری ہے۔ ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ اوگرا کی سخت کارروائیوں کے باعث ایل پی جی انڈسٹری کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور اگر یہ کارروائیاں نہ روکی گئیں تو پلانٹس اور آؤٹ لیٹس بند ہونے کا خدشہ پیدا ہوسکتا ہے۔ خط میں حکومت سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں متعلقہ ادارے بھی ایل پی جی خریدنے سے قاصر ہیں، جس کے باعث ملک گیر سپلائی بحران پیدا ہوسکتا ہے۔