مٹی کا تیل 39 روپے 20 پیسے فی لیٹر مہنگا، نوٹیفکیشن جاری
03-15-2026
(لاہور نیوز) حکومت نے مٹی کا تیل 39 روپے 20 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا جس کے بعد نئی قیمت 358 روپے ایک پیسہ فی لیٹر ہوگئی۔
وفاقی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر پٹرولیم لیوی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پٹرول پر فی لیٹر لیوی 105 روپے 37 پیسے اور ڈیزل پر 55 روپے 24 پیسے فی لیٹر لیوی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزارت توانائی کے مطابق حکومت پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھ کر 23 ارب روپے کی سبسڈی ادا کرے گی، 23 ارب روپے کی سبسڈی 14 مارچ سے 20 مارچ تک کیلئے ادا کی جائے گی، پٹرول پر فی لیٹر 49 روپے 63 پیسے جبکہ ڈیزل پر فی لیٹر 75 روپے 5 پیسے سبسڈی ادا کی جائے گی۔ وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ یہ رقم آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو پرائس ڈیفرنشیل کلیمز کی مد میں ادا کی جائے گی، 23 ارب روپے کے پرائس ڈیفرینشل کلیمز اوگرا کی طرف سے ادا کیے جائیں گے۔ وزارت نے کہا کہ کابینہ سے وزیراعظم کفایت شعاری فنڈ قائم کرنے کی منظوری حاصل کر لی، کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 27 ارب 10 کروڑ روپے اس فنڈ میں منتقل کرنے کی منظوری دی، پرائس ڈیفرینشل کی ادائیگی کے طریقہ کار میں او ایم سیز سے موصول ہونے والے بلوں کی تصدیق اور آڈٹ کا عمل بھی شامل ہوگا۔