پاکستان ریلویز کا چار عید سپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ
03-15-2026
(لاہور نیوز) عید کے موقع پر مسافروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستان ریلوے نے چار عید سپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کر لیا۔
ریلوے حکام کے مطابق یہ فیصلہ وزیرِ ریلوے کی ہدایت پرکیا گیا ہے تاکہ عید کے دنوں میں مسافروں کے بڑھتے ہوئے رش کو کم کیا جا سکے۔ پہلی عید سپیشل ٹرین 16 مارچ کو لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوگی۔ دوسری عید سپیشل ٹرین 17 مارچ کو کوئٹہ سے راولپنڈی کے لیے روانہ کی جائے گی۔ اسی طرح تیسری عید سپیشل ٹرین 17 مارچ کو کراچی سے پشاور کے لیے روانہ ہو گی جبکہ چوتھی عید سپیشل ٹرین 18 مارچ کو کراچی سے لاہور کے لیے چلائی جائے گی۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں اضافے کے باعث خصوصی ٹرینوں کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ عوام کو بہتر اور آرام دہ سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔