پنجاب میں پتنگ بازی ہرگز برداشت نہیں ہوگی: آئی جی پولیس، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا حکم
03-15-2026
(لاہور نیوز)انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں کسی بھی جگہ پتنگ بازی ہرگز قابل برداشت نہیں ہوگی اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت دی ہے کہ پتنگ بازی اور پتنگ فروشی میں ملوث عناصر کو فوری طور پر قانون کی گرفت میں لایا جائے اور پنجاب پروہیبیشن آف کائٹ فلائنگ ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔ اس سلسلے میں ڈرونز، سیف سٹی کیمروں اور دوربینوں کی مدد سے پتنگ بازی میں ملوث افراد کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ دھاتی اور کیمیکل ڈور کے استعمال سے قیمتی جانوں کے ضیاع کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے ایسی ڈور اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔