غیرملکی درآمدات میں 8.21 فیصد اضافہ، حجم 45 ارب ڈالر سے تجاوز

03-14-2026

(ویب ڈیسک) پاکستان کی غیرملکی درآمدات میں 8.21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ان کا مجموعی حجم 45 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا۔

دستاویز کے مطابق جولائی تا فروری کے دوران گاڑیاں اور سمارٹ موبائل فونز سمیت لگژری اشیاء کی درآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا، موبائل فونز کی درآمدات 1.29 ارب ڈالر تک پہنچیں، جو پچھلے سال کے مقابلے میں تقریباً 30 فیصد زیادہ ہیں، جبکہ مہنگی گاڑیوں کی درآمدات 126 فیصد بڑھ کر 1.53 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، ٹرانسپورٹ شعبے کی مجموعی درآمدات 2.58 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ زرعی ملک ہونے کے باوجود غذائی اشیاء کی درآمدات میں بھی 18.42 فیصد اضافہ ہوا اور حجم 6.41 ارب ڈالر رہا، جس میں چینی، خشک میوے، چائے، مصالحے، سویا بین اور پام آئل شامل ہیں۔ مشینری اور زرعی آلات کی درآمدات میں بالترتیب 11.73 اور 9.25 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ لوہے، سٹیل اور ایلومینیم کی درآمدات 17 فیصد بڑھ کر 4.39 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اس کے علاوہ پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں معمولی کمی کے باوجود 10 ارب ڈالر سے زائد رہیں، ٹیکسٹائل کی درآمدات میں 7.18 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور حجم 4.44 ارب ڈالر رہا۔