انویسٹی گیشن ہیڈ کوارٹرز میں مال مسروقہ کی واپسی، تعریفی اسناد کی تقسیم کی تقریب
03-14-2026
(لاہور نیوز) انویسٹی گیشن ہیڈ کوارٹرز میں مدعی مقدمات کو مال مسروقہ واپس کرنے اور بہترین کارکردگی دکھانے والے پولیس افسران و ملازمین کو تعریفی اسناد دینے کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے ایس پی سی آر او رانا زاہد حسین اور ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن شاہد نواز کو عمدہ کارکردگی پر ایپریسیشن لیٹر جاری کئے، دیگر ڈی ایس پیز اور انچارج افسران جیسے انچارج انویسٹی گیشن اچھرہ اور انچارج سی آر او حسنین فاروق کو بھی تعریفی اسناد دی گئیں۔ تقریب کے دوران ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے مال مسروقہ مدعی مقدمات کے سپرد کیا، خاص طور پر اچھرہ صرافہ مارکیٹ میں تاجروں سے ہتھیائے گئے کروڑوں روپے مالیت کا سونا اور نقدی واپس کی گئی، جس پر تاجروں نے انویسٹی گیشن پولیس لاہور کا شکریہ ادا کیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے کہا کہ محنت اور دلجمعی سے کام کرنے والے افسران و ملازمین واقعی انعامات کے مستحق ہیں اور اس طرح کی تقریبات پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔