ضلعی انتظامیہ گراں فروشی کے خلاف متحرک، قیمتوں میں استحکام

03-14-2026

(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ گراں فروشی کے خلاف متحرک ہو گئی۔

اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس مجسٹریٹس  نے مختلف مارکیٹوں کا دورہ کرکے سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا، ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز کے مقابلے میں متعدد سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں کمی اور استحکام کا رجحان دیکھا گیا ہے، شہر کی منڈیوں میں اشیائے خورونوش کی وافر سپلائی کے باعث قیمتوں میں بہتری آئی ہے۔ انتظامیہ نے شہر کی منڈیوں میں آلو، پیاز اور ٹماٹر کے 165 ٹرکوں کی آمد کو یقینی بنایا، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں استحکام آیا، اسی طرح دیسی لہسن کی قیمت میں 10 روپے فی کلو کمی کے بعد نئی قیمت 190 روپے فی کلو ہوگئی ہے، جبکہ خربوزہ 25 روپے سستا ہو کر 150 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز  نے ہدایت کی ہے کہ مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور سپلائی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور قیمتوں میں استحکام کیلئے تمام انتظامی اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ ڈی سی لاہور کا کہنا تھا کہ گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رکھا جائے گا اور مصنوعی مہنگائی کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، ضلعی انتظامیہ شہریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر وقت کوشاں ہے اور منڈیوں میں اشیاء کی وافر دستیابی سے قیمتوں میں استحکام آیا ہے۔