موبائل پیکجز کی قیمتیں ہر ماہ نہیں بڑھ سکیں گی، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی

03-13-2026

(ویب ڈیسک) موبائل پیکجز کی قیمتوں میں بار بار اضافے پر عوامی شکایات کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ٹیلی کام کمپنیوں کیلئے نئی پابندیاں عائد کر دیں۔

پی ٹی اے کے مطابق اب کسی بھی موبائل کمپنی کو نئے پیکج کے اجرا یا موجودہ پیکجز کی قیمتوں میں اضافے سے پہلے ریگولیٹر سے پیشگی اجازت حاصل کرنا ہو گی، اس اقدام کا مقصد صارفین کو غیر ضروری قیمتوں میں اضافے سے تحفظ فراہم کرنا اور مارکیٹ میں توازن برقرار رکھنا ہے۔ حکام کے مطابق ماضی میں موبائل کمپنیوں کو 30 دن کے بعد پیکجز کی قیمت بڑھانے کی اجازت حاصل تھی، تاہم اب یہ سہولت ختم کر دی گئی ہے، نئے قواعد کے تحت ٹیلی کام آپریٹرز ہر ماہ پیکجز مہنگے نہیں کر سکیں گے بلکہ قیمتوں میں اضافہ صرف سہ ماہی بنیادوں پر ممکن ہو گا۔ پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں موبائل ٹیرف ریگولیشنز 2025 نافذ کر دیئے گئے ہیں جن کے تحت ٹیلی کام کمپنیوں پر نئی شرائط لاگو ہوں گی، ذرائع کے مطابق کمپنیوں کو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 10 سے 20 فیصد تک قیمتوں میں اضافے کی اجازت دی جا سکتی ہے، تاہم اس کیلئے بھی پی ٹی اے کی منظوری لازمی ہو گی۔