دی ہنڈرڈ لیگ، آئی پی ایل سے منسلک ٹیم نے پاکستانی سپنر ابرار احمد کو ٹیم میں شامل کرلیا
03-13-2026
(ویب ڈیسک) انگلینڈ کی 100 بالز پر مشتمل کرکٹ لیگ دی ہنڈرڈ میں آئی پی ایل سے منسلک فرنچائز سن رائزرز لیڈز نے پاکستانی لیگ سپنر ابرار احمد کو اپنی ٹیم کا حصہ بنا لیا۔
سیاسی کشیدگی کے باعث پاکستانی کھلاڑیوں کے نظر انداز کیے جانے کے خدشات کے باوجود جمعرات کو ہونے والی نیلامی میں 27 سالہ ابرار احمد کو ایک لاکھ 90ہزار پاؤنڈ میں خریدا گیا جبکہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے گزشتہ ماہ واضح کیا تھا کہ تمام 8 فرنچائزز میں کھلاڑیوں کا انتخاب صرف کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان طویل سیاسی کشیدگی کے باعث دونوں ممالک صرف عالمی ایونٹس میں ایک دوسرے کے مدمقابل آتے ہیں، جبکہ پاکستانی کرکٹرز 2009 کے بعد سے آئی پی ایل میں شرکت نہیں کرسکے۔ خواتین کی نیلامی میں پاکستان کی فاطمہ ثنا اور سعدیہ اقبال کسی ٹیم کا حصہ نہ بن سکیں، جبکہ مردوں کی نیلامی سے شاہین شاہ آفریدی دستبردار ہوگئے اور حارث رؤف کو 100,000 پاؤنڈ کی بنیادی قیمت پر بھی کوئی خریدار نہ ملا علاوہ ازیں شاداب خان اور صائم ایوب کو بھی کسی ٹیم نے نہیں خریدا۔دوسری جانب پاکستانی سپنر عثمان طارق کو برمنگھم فینکس نے 140,000 پاؤنڈ میں خرید لیا۔ دی ہنڈرڈ لیگ میں پہلی بار ڈرافٹ سسٹم کے بجائے باقاعدہ نیلامی کا انعقاد کیا گیا ہے۔ لیگ کا 2026 ایڈیشن 21 جولائی سے شروع ہو کر چار ہفتے جاری رہے گا، جس میں مردوں اور خواتین دونوں کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔