توانائی بچت کیلئے موٹرویز اور قومی شاہرات پر نئی حدِ رفتار نافذ، آگاہی مہم جاری
03-13-2026
(لاہور نیوز) توانائی کے مؤثر استعمال اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کیلئے موٹرویز اور قومی شاہرات پر نئی حدِ رفتار نافذ کر دی گئی ہے جبکہ اس حوالے سے انفورسمنٹ اور آگاہی مہم بھی جاری ہے۔
ترجمان سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق ٹال پلازوں اور اہم مقامات پر پٹرولنگ افسران روڈ یوزرز کو نئی حدِ رفتار کے بارے میں آگاہی فراہم کر رہے ہیں۔ شہریوں کی رہنمائی کیلئے لاہور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ، ساہیوال، خانیوال اور بہاولپور میں بریفنگ کیمپس بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق نئی ہدایات کے تحت موٹرویز پر کار اور ایل ٹی وی کی رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم کر کے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ پی ایس وی اور ایچ ٹی وی کیلئے رفتار 110 سے کم کر کے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کر دی گئی ہے۔ اسی طرح قومی شاہراہوں پر کار اور ایل ٹی وی کی رفتار 100 سے کم کر کے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے، جبکہ پی ایس وی اور ایچ ٹی وی کیلئے حدِ رفتار 80 سے کم کر کے 65 کلومیٹر فی گھنٹہ کر دی گئی ہے۔ ترجمان سنٹرل ریجن سید عمران احمد کا کہنا ہے کہ نئی حدِ رفتار کا مقصد ایندھن کی بچت کو فروغ دینا، حادثات میں کمی لانا اور شہریوں کو محفوظ سفر کی سہولت فراہم کرنا ہے۔