پنجاب میں ٹیکس کی خردبرد کے خلاف عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ

03-12-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ماہ اپریل سے تعلیمی اداروں میں ٹیکس کی اہمیت اور خردبرد سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ طلباء کو پی آر اے ایمبیسیڈر بنایا جائے گا تاکہ وہ اپنے تعلیمی اداروں میں ٹیکس شعور بڑھانے میں معاونت کریں۔ مہم کے تحت ہوٹل، ریسٹورنٹ، جم اور ایستھیٹک کلینکس سے حاصل شدہ رسیدیں ایپلیکیشن یا واٹس ایپ نمبر کے ذریعے تصدیق کرائی جا سکیں گی, ابتدائی مرحلے میں محکمہ سکول ایجوکیشن اور پی آر اے مشترکہ طور پر یہ آگاہی مہم چلائیں گے۔ جعلی رسید دینے والوں کے خلاف کارروائی کے دوران وصول شدہ ٹیکس کا 20 فیصد تک شکایت کنندہ کو انعام کے طور پر دیا جائے گا۔ مزید برآں، وسل بلور ایکٹ حکومت کی منظوری کے بعد فوری طور پر نافذ العمل ہو گا، جس سے عوامی شکایات میں اضافہ اور ٹیکس ادائیگی کے حوالے سے شعور بیدار ہونے کی توقع ہے۔ پی آر اے کے ترجمان کے مطابق بھاری انعامات کا مقصد صوبہ بھر میں ٹیکس کلچر کو فروغ دینا اور عوام کو ٹیکس ادائیگی کے فوائد سے آگاہ کرنا ہے۔