پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت مزید بہتر بنانے پر توجہ دی جائیگی: ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ

03-12-2026

(لاہور نیوز) ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ پنجاب خرم شکور کی زیر صدارت پنجاب پولیس کے تربیتی نظام سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈی آئی جی ٹریننگ، اے آئی جی ٹریننگ سمیت پولیس ٹریننگ کالج لاہور کے کمانڈنٹ نے شرکت کی جبکہ صوبہ بھر کے پولیس ٹریننگ کالجز کے کمانڈنٹس بھی شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ مختلف پولیس ٹریننگ سکولز کے پرنسپلز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب پولیس کے پیشہ ورانہ تربیتی نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس دوران پولیس فورس کے رویوں میں بہتری، ٹریننگ ماڈیولز کی اپ گریڈیشن اور تربیتی معیار کو بہتر بنانے سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ خرم شکور کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کو مزید بہتر بنانے اور پروموشنل کورسز کو تربیت کا حصہ بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے تربیتی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ اجلاس میں شرکاء کی جانب سے تربیتی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں۔ ترجمان کے مطابق ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ نے پیش کردہ تجاویز اور زیر غور امور کی روشنی میں متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔