جنگی صورتحال کے باعث پاکستان سے مشرق وسطیٰ کی 55 پروازیں منسوخ

03-12-2026

(لاہور نیوز) مشرق وسطیٰ میں جاری جنگی صورتحال کے باعث پاکستان سے خلیجی ممالک جانے والی پروازیں مسلسل متاثر ہو رہی ہیں اور آج بھی مجموعی طور پر 55 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی سے دوحہ، بحرین، دبئی، ابوظبی اور نجف جانے والی 14 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ اسی طرح لاہور سے دوحہ، ابوظبی، دبئی، جدہ، بحرین اور شارجہ جانے والی 14 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔ اسلام آباد سے دوحہ، دبئی، ابوظبی، دمام، بحرین، ریاض، جدہ اور شارجہ کی 25 پروازیں منسوخ کی گئیں جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور بعض فضائی حدود کی بندش کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہو رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ 13 روز کے دوران پاکستان سے مشرق وسطیٰ جانے والی منسوخ پروازوں کی مجموعی تعداد 17 ہزار 39 تک پہنچ گئی ہے۔