پاکستان فٹبال فیڈریشن نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے بقایا واجبات ادا کر دیئے
03-12-2026
(لاہور نیوز) پاکستان فٹبال فیڈریشن نے قومی ٹیموں سے وابستہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کے بقایا واجبات ادا کر دیئے۔
فیڈریشن کے مطابق مختلف ایونٹس میں شرکت کرنے والے تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ان کی ادائیگیاں کر دی گئی ہیں، آٹھ مختلف ایونٹس میں مجموعی طور پر 230 کھلاڑیوں اور 62 آفیشلز نے شرکت کی تھی جن کے بقایا واجبات ادا کر دیئے گئے ہیں۔ صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی کا کہنا ہے کہ فیڈریشن اس وقت فیفا کی جانب سے محدود فنڈنگ کے تحت کام کر رہی ہے، اس کے باوجود کھلاڑیوں اور آفیشلز سے کیا گیا وعدہ پورا کیا گیا ہے، قومی ٹیموں کے کھلاڑی اور آفیشلز بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرتے ہیں، اس لئے ان کے واجبات کی بروقت ادائیگی فیڈریشن کی ترجیح ہے۔ صدر پی ایف ایف کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن مالی شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل اقدامات کر رہی ہے تاکہ کھیل کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔