انرجی بچت پالیسی: ماس ٹرانزٹ سروسز کے اوقات کار کا جائزہ شروع
03-11-2026
(لاہور نیوز) انرجی بچت پالیسی کے تناظر میں پنجاب میں ماس ٹرانزٹ سروسز کے اوقات کار کا جائزہ شروع کر دیا گیا۔
عالمی کشیدگی اور ایندھن کی ممکنہ قلت کے خدشات کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی مختلف شہروں سے مسافروں کا ڈیٹا اکٹھا کر رہی ہے، جس میں لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد اور ملتان کی میٹرو بس سروسز شامل ہیں۔ حکام کے مطابق ماس ٹرانزٹ منصوبوں کے اوقات کار کم کرنے کا تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، ابتدائی جائزے میں صبح یا رات کے اوقات میں ایک گھنٹہ آپریشن کم کرنے کی گنجائش پر غور کیا جا رہا ہے۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مکمل ڈیٹا کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا، اگر مسافروں کی طلب میں کمی دیکھی گئی تو اوقات کار میں ردوبدل پر غور کیا جا سکتا ہے، تاہم فی الحال تمام ماس ٹرانزٹ سروسز اپنے معمول کے شیڈول کے مطابق جاری رہیں گی۔