مریم نواز کا عید کے بعد اسلحہ کلچر کے خاتمے کیلئے بھرپور مہم چلانے کا حکم

03-11-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں ناجائز اسلحہ کے خاتمے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے اس کی ذمہ داری کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو سونپ دی ہے۔

وزیراعلیٰ نے عیدالفطر کے بعد پنجاب بھر میں اسلحہ کلچر کے خاتمے کے لیے بھرپور مہم چلانے کی ہدایت بھی جاری کر دی۔ اس مقصد کے لیے صوبے میں پہلی مرتبہ اسلحہ کی نمائش اور ناجائز استعمال کی روک تھام کے لیے جامع قانون تیار کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب سرنڈر ناجائز اسلحہ ایکٹ 2026 کی منظوری دے دی ہے، جس میں ہر قسم کے ناجائز اسلحہ کے خاتمے کے لیے مختلف شقیں شامل کی گئی ہیں۔ نئے قانون کے مطابق گھر میں نمائشی یا قدیم اسلحہ آویزاں کرنے کے لیے بھی خصوصی اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا، جبکہ لائسنس یافتہ اسلحہ رکھنے والے شہریوں کو بھی اسلحہ رکھنے کی معقول وجہ بیان کرنا ہوگی۔ قانون کے نفاذ کے بعد ناجائز اسلحہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے پاس جمع کرانا لازم ہوگا۔ مقررہ مدت میں ناجائز اسلحہ جمع نہ کرانے والوں کے لیے سخت سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔